ن لیگ آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار
مظفرآباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس شاہ غلام قادر کی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
پارلیمانی پارٹی نے آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، آئین و قانون کی بالادستی اور میرٹ کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کا عزم کیا۔
پارلیمانی پارٹی نے نظریہ الحاق پاکستان اور ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ پر کاربند رہنے کا اعادہ کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج پاکستان کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
اجلاس میں پاکستان کی عالمی سطح پر پذیرائی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، آئندہ حکومت آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔
پارلیمانی پارٹی نے آزاد کشمیر میں رکے ہوئے تعمیر و ترقی کے عمل کو دوبارہ بحال کرنے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جامع پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا۔
پارلیمانی پارٹی نے آزاد کشمیر میں حالیہ انتخابی عمل پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر اور انتظامیہ کو کامیاب انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
اعلامیے کے مطابق بھارت نے 2019 میں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کی اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت غیر قانونی طور پر ختم کی۔
پارلیمانی پارٹی نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد جائز، پرامن اور حق خودارادیت کے لیے ہے، کشمیر کی لازوال جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
پارلیمانی پارٹی نے بھارت میں امریکی سفیر کا کشمیر سے متعلق بیان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تنازع کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments