ٹرین کے بیت الخلا میں بہہ جانے والی قیمتی انگوٹھی خاتون کو واپس مل گئی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیو جرسی میں ٹرین کے بیت الخلا میں غلطی سے بہہ جانے والی خاتون کی قیمتی اور جذباتی اہمیت رکھنے والی انگوٹھی ڈھونڈ کر اسے واپس کر دی گئی۔

جولی اینجلیکولا نے بتایا کہ وہ این جے ٹرانزٹ کی ٹرین میں بیت الخلا استعمال کرنے کے بعد اپنی نشست پر واپس آئیں تو انہیں احساس ہوا کہ ان کی شادی کی قیمتی انگوٹھی انگلی سے غائب ہے۔

خاتون کے مطابق وہ بیت الخلا میں اپنے ہاتھوں سے صابن صاف کرنے کے لیے ٹوائلٹ پیپر استعمال کر رہی تھیں، صفائی کے دوران انہوں نے جلدی میں ٹوائلٹ پیپر کو گول کرکے بیت الخلا میں پھینک دیا اور فلش کر دیا، تاہم کچھ دیر بعد انہیں احساس ہوا کہ ان کی انگوٹھی بھی اسی دوران بہہ گئی ہے۔

جولی اینجلیکولا نے فوری طور پر این جے ٹرانزٹ انتظامیہ کو انگوٹھی گم ہونے کی اطلاع دی، جس کے بعد ٹرین کو سروس سے ہٹا دیا گیا۔

عملے نے ٹرین کو جیکس کی مدد سے اوپر اٹھایا، بیت الخلا کا ٹینک نکال کر اسے کھولا تو انگوٹھی ٹینک کے اندر ہی موجود تھی، جسے تلاش کر کے خاتون کے حوالے کر دیا گیا۔

انگوٹھی پیر کے روز نیو جرسی ٹرانزٹ کے کسٹمر سروس سینٹر میں جولی اینجلیکولا کو واپس کر دی گئی، ان کا کہنا تھا کہ انگوٹھی ان کے لیے بے حد جذباتی اہمیت رکھتی ہے۔

خاتون کے مطابق یہ انگوٹھی تقریباً 1905 کی ہے، جو انہوں نے ایک قدیم اشیا کی دکان سے خریدی تھی، بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ انگوٹھی کے اندر کندہ ابتدائی حروف وہی ہیں جو وہ اور ان کے شوہر ایک دوسرے کے لیے عرفی نام کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...