سہیل روٹین کے پابند، خاموش طبع اور کمفرٹ زون میں رہنا پسند کرتے ہیں: سابق اہلیہ

ممبئی: (دنیا نیوز) بالی ووڈ سٹار سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی سابق اہلیہ سیما سجدیہہ نے اپنے سابق شوہر کی شخصیت کے بارے میں دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روٹین اور عادات کے پابند انسان ہیں اور اپنے کمفرٹ زون میں رہنا پسند کرتے ہیں۔

سیما سجدیہہ نے اداکار جوڑے نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سہیل عام طور پر لوگوں کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں، تاہم وہ زیادہ گفتگو کرنے والے انسان نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سہیل زیادہ تر اپنے آپ میں رہنا پسند کرتے ہیں اور مانوس ماحول میں خود کو زیادہ آرام دہ محسوس کرتے ہیں، جبکہ وہ انتہائی نجی طبیعت کے مالک ہیں اور اپنی ذات تک محدود رہنا پسند کرتے ہیں۔

سیما نے اپنے رشتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں کسی رفاقت کے امکان کو مسترد نہیں کرتیں، تاہم فی الحال وہ تنہا زندگی میں خوش اور مکمل مطمئن ہیں۔

سہیل خان سے طلاق کے بعد اپنی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سیما نے کہا کہ ایک مصروف دن گزارنے کے بعد اب ان کی سب سے زیادہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ گھر جائیں اور اپنے کتوں کے ساتھ وقت گزاریں۔

انہوں نے بڑھتی عمر، خوبصورتی اور خود کا خیال رکھنے کے حوالے سے بھی کھل کر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ اپنی خوبصورتی اور اسکن کیئر روٹین کیلئے فلرز، بوٹوکس، پروف ہیلو اور لیزر ٹریٹمنٹس جیسے کاسمیٹک ٹریٹمنٹس بھی کروا چکی ہیں۔

شو میں سیما سجدیہہ کی گفتگو کا مرکزی موضوع اپنی ذات کو سمجھنا اور اپنی زندگی میں سکون محسوس کرنا تھا، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی اور مشکل موضوعات پر بھی اظہار خیال کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...