پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک تحریک جاری رہے گی، اسلام آباد کیلئے کال دوں گا: حافظ نعیم الرحمان

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھرنا پورے پاکستان کی عوام کا دھرنا بن گیا ہے، پشاور کے دھرنے میں نوجوانوں کا جمع غفیر تھا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک میں وکلا برادری بھی شامل ہورہی ہے، کراچی میں کل بڑا جلسہ عام ہوگا، ہفتے کے دن دھرنے میں خواتین کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کو پٹرول کی قیمتیں کم کرنا پڑیں گی، حکومت نے پٹرول پر لیوی کیوں لگائی ہوئی ہے؟ طالب علم اپنی فیس جمع کرنے کیلئے رات کو جاب کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی طبقہ ہے جو پٹرول کی لیوی کا فائدہ اٹھاتا ہے، محدود قسم کے لوگ ہماری صنعتوں اور معیشت کو تباہ کررہے ہیں، کچھ آئی پی پیز کے ساتھ جعلی قسم کے معاہدے ہوئے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت بجلی اور گیس کے بلوں پر عوام سے فکسڈ چارجز وصول کرتے ہیں، ظلم کا نظام بہت ہوچکا اور اب یہ نظام نہیں چلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اس ظلم کے خلاف احتجاجی تحریک کو متحرک کرنا شروع کردیا ہے، ہر ضلع اور تحصیل میں بھی کیمپ لگنے چاہئیں، پٹرولیم لیوی کو ختم کرنا پڑے گا، آئی پی پیز مافیا کو لگام ڈالنی پڑے گی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ دھرنوں میں ربیع الاول کے حوالے سے تقریبات کا اہتمام کریں گے، لیوی کو ختم کرنے تک تحریک جاری ہے، بڑے انقلاب کے لیے تیار رہیں، اسلام آباد کے لیے کال دوں گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ لانگ مارچ کی تیاری شروع کرلیں، ہر طرف سے لانگ مارچ میں قافلے شامل ہوں گے، جب اسلام آباد داخل ہوں گے تو پھر سب موبائل فون بند کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، حکومت پر منحصر ہے لوگوں کو ریلیف دے یا پھر ہر قسم کے حالات کے لیے تیار ہوجائے، حکومت کے پاس موقع ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ مریم نواز اپنے چچا جان سے بات کریں اور لیوی کا مسئلہ حل کریں، جاگیردارانہ، وڈیرہ شاہی کا نظام ڈیلیور نہیں کرسکا۔

امیر جماعت اسلامی نے نوجوانوں سے کہا کہ گھر گھر جاکر جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پنجاب میں ایک کروڑ 20 لاکھ بچے اسکول نہیں جارہے، چالیس سال سے (ن) لیگ پنجاب میں اقتدار میں ہے، نوازشریف اسکولوں کے ڈرامے ہورہے ہیں، گیارہ ہزار اسکول آؤٹ سورس کردیئے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اسکول نہیں چلا سکتیں تو اس منصب پر کیوں بیٹھی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...