چینی کمپنی کا راکٹ مدار میں پرواز کے بعد کامیابی سے زمین پر واپس لینڈ کرگیا
بیجنگ: (دنیا نیوز) چین نے خلائی تسخیر کے میدان میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے ایک نجی کمپنی کے راکٹ کو زمین کے مدار میں بھیجنے کے بعد کامیابی سے واپس لینڈ کرا لیا۔
چینی نجی کمپنی لینڈ اسپیس کے راکٹ ژوئی چھیو 3 نے زمین کے مدار میں پہنچ کر سیٹلائٹ کو خلا میں چھوڑا اور اس کے بعد کامیابی سے زمین پر واپس آکر لینڈ کیا۔
یہ پہلی بار ہے کہ کسی چینی نجی کمپنی نے مدار میں راکٹ بھیجنے کے بعد اسے اس انداز میں کامیابی سے واپس لینڈ کرایا ہے۔ اس سے قبل 10 جولائی کو چینی سرکاری ادارے چائنا ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کارپوریشن کے لانگ مارچ 10 بی راکٹ نے بھی زمین پر واپسی کا مظاہرہ کیا تھا، تاہم اس میں بیرونی معاونت شامل تھی۔
لینڈ اسپیس کے مطابق ژوئی چھیو 3 براہِ راست زمین پر واپس آکر اپنی لینڈنگ لیگس کی مدد سے کھڑا ہوا، جو چین کے لیے ایک اہم تکنیکی کامیابی ہے۔
کمپنی نے کہا کہ یہ تجربہ راکٹ کی ٹیکنالوجی، قابلِ اعتماد کارکردگی اور بار بار استعمال کی صلاحیت کو ثابت کرتا ہے۔ فرسٹ اسٹیج کی کامیاب ریکوری راکٹ کے ڈیزائن اور مستقبل میں اس کے دوبارہ استعمال کی جانب اہم پیشرفت ہے۔
ژوئی چھیو 3 ظاہری شکل میں اسپیس ایکس کے فالکن 9 سے مشابہت رکھتا ہے۔ فالکن 9 نے 2015 میں پہلی بار پرواز کے بعد کامیاب لینڈنگ کا مظاہرہ کیا تھا اور اس کے بعد ایسی لینڈنگز 600 سے زائد مرتبہ کی جاچکی ہیں۔
دونوں راکٹوں کے ری یوزایبل بوسٹرز، لمبائی اور لفٹنگ پاور تقریباً ایک جیسی ہیں، تاہم دونوں میں استعمال ہونے والا ایندھن مختلف ہے۔ فالکن 9 میں مائع آکسیجن اور راکٹ گریڈ کیروسین استعمال ہوتا ہے، جبکہ ژوئی چھیو 3 میں مائع آکسیجن کے ساتھ سیال میتھین استعمال کیا جاتا ہے۔
ژوئی چھیو 3 کو شمال مغربی چین کے ڈونگ فینگ کمرشل اسپیس زون سے لانچ کیا گیا۔ یہ اس راکٹ کی دوسری آزمائشی پرواز تھی، جس کے دوران اس نے مدار میں پہنچ کر سیٹلائٹ خلا میں چھوڑا اور پھر کامیابی سے زمین پر واپس لینڈ کیا۔
یہ کامیابی چین کے قابلِ دوبارہ استعمال راکٹوں کے پروگرام میں ایک اہم پیشرفت قرار دی جارہی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments