ابوظہبی میں نایاب ’سپر وائٹ‘ شاہین کی دھوم، قیمت 1 کروڑ 89 لاکھ روپے
ابوظہبی: (دنیا نیوز) نایاب اور خوبصورت ’سپر وائٹ‘ شاہین نے ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں سب کو حیران کر دیا، شاہین 2 لاکھ 50 ہزار درہم (تقریباً ایک کروڑ 89 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوا۔
ابوظہبی کے ادنیک سینٹر میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش ’ایڈی ہیکس‘ کی پہلی نیلامی کی شام اس وقت یادگار بن گئی جب اماراتی بولی دہندہ خالد بن سیفان نے اچانک ایک ہی بولی میں قیمت 2 لاکھ 10 ہزار درہم سے بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار درہم کردی اور نایاب شاہین اپنے نام کرلیا۔
کامیاب بولی کے بعد خالد بن سیفان نے اماراتی روایتی شاعری کا مخصوص شعر پڑھ کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کیا، ہفتے کی شام ہونے والی نیلامی میں مجموعی طور پر 7 نایاب پرندے پیش کیے گئے، تاہم ’سپر وائٹ‘ سب سے مہنگا شاہین ثابت ہوا۔
نیلامی میں خریدے گئے شاہینوں کو ’ایڈی ہیکس بیج‘ حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا، جس کے ذریعے وہ 2026-27 کے تاریخی ’پریذیڈنٹ کپ فالکنری مقابلے‘ میں حصہ لے سکیں گے۔
نمائش کی مرکزی تقریبات 28 اگست سے 6 ستمبر تک جاری رہیں گی، اس دوران 8 مختلف نیلامیاں ہوں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments