فیفا آسیان کپ، پاکستان کے 23 رکنی سکواڈ کا اعلان، کوچ ویزا تاخیر کے باعث کیمپ سے باہر

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا آسیان کپ کے لیے 23 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کردیا، تاہم ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ویزا میں تاخیر کے باعث اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ میں شریک نہیں ہوسکے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق نولبرٹو سولانو ٹورنامنٹ سے قبل براہِ راست انڈونیشیا میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے۔ ان کی عدم موجودگی میں اسسٹنٹ کوچز ٹائٹس برامبل اور ولید جاوید نے تربیتی کیمپ کی نگرانی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نولبرٹو سولانو نے ابتدائی طور پر غلط کیٹیگری کے تحت ویزا درخواست جمع کرائی تھی، جس کی نشاندہی کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے نئی درخواست جمع کرائی، تاہم ویزا جاری ہونے میں تاخیر ہوگئی۔

قومی ٹیم کی قیادت عبداللہ اقبال کریں گے، جبکہ تجربہ کار فارورڈ کلیم اللہ کی بھی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ پاکستان انڈر 17 ٹیم کے کپتان عبدالصمد کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جو حال ہی میں آذربائیجان کے کلب قرہ باغ ایف کے کے ساتھ دو سالہ معاہدہ کرچکے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے جناح اسٹیڈیم اسلام آباد میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عالمی درجہ بندی میں اس سے کہیں اوپر موجود ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہے اور یہ قومی ٹیم کے لیے ایک تاریخی موقع ہے۔

فیفا آسیان کپ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان کو گروپ بی میں تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ قومی ٹیم 26 ستمبر کو تھائی لینڈ، 29 ستمبر کو فلپائن اور 2 اکتوبر کو ویتنام کے خلاف گروپ میچ کھیلے گی۔

پاکستان کے 23 رکنی اسکواڈ میں یوسف بٹ، حسن علی، ثاقب حنیف، عبداللہ شاہ، عبد الرحمن، علی خان، علی آغا، حیان خٹک، علی وزیر، عالمگیر غازی، علی رضا، عبدالصمد ارشد، کلیم اللہ، شائیک دوست، عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، محب اللہ، مامون خان، محمد فضل، حارث زیب، عمر نواز، عبدالصمد اور علی خان شامل ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...