حکمران آئین پر عمل نہیں کرتے تو ان کی کوتاہی ہے: مولانا فضل الرحمان
پشاور:(دنیا نیوز) جمیعت علما اسلام ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکمران آئین پر عمل نہیں کرتے تو یہ ان کی کوتاہی ہے۔
پشاور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ آئین میں واضح طور پر درج ہے کہ قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون نہیں بنایا جائے گا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کے اکابرین نے سیاسی جدوجہد کی تعلیمات دی ہیں اور آج بھی ہم ان تعلیمات پر عمل کرنے کے محتاج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے مضبوط دفاعی طاقت ریاست اور ملک کی ضرورت ہے، جے یو آئی (ف) پاکستان کی مضبوط دفاعی قوت کی قائل ہے۔
دوسری جانب ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال برصغیر کی صورتحال سے مختلف نہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ جمعیت علمائے اسلام کی آواز دبانے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا جا رہا ہے۔
عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ جو لوگ کونسلر کی نشست تک نہیں جیت سکتے، انہیں جے یو آئی (ف) کے مقابلے میں لایا جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments