لودھراں میں تھیلیسیمیا سینٹر، 41کلومیٹر سڑکوں کی منظوری
25بیڈز پر مشتمل سینٹر قائم کیا جائیگا، وزیراعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
لودھراں (سٹی رپورٹر)رکن صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان بلوچ کی کاوشیں رنگ لے آئیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں میں 25 بیڈز پر مشتمل تھیلیسیمیا سینٹر قائم کرنے اور حلقہ پی پی 227 میں 41کلومیٹر خستہ حال سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دے دی۔تفصیل کے مطابق محمد زبیر خان بلوچ نے پنجاب اسمبلی میں لودھراں میں تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام کا مطالبہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کو خون لگوانے کیلئے بہاولپور جانا پڑتا ہے ، جس سے انہیں اور اہلخانہ کو مشکلات کا سامنا ہے ۔بعدازاں محمد زبیر خان بلوچ نے ایم پی اے شازیہ حیات کے ہمراہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات کی اور انہیں لودھراں کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا۔
انہوں نے خستہ حال سڑکوں کی تعمیر کا معاملہ بھی پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں 25 بیڈز کے تھیلیسیمیا سینٹر اور 41کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر کی منظوری دے دی۔محمد زبیر خان بلوچ نے کہا کہ تھیلیسیمیا سینٹر کے قیام سے مریض بچوں کو علاج کیلئے بہاولپور جانے کی مشکلات سے نجات ملے گی۔ انہوں نے ملتان، وہاڑی روڈ کی تکمیل اور لودھراں میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر بھی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments