ملتان ، خانیوال میں ایکشن ، ساڑھے 4 من ناقص گوشت ، 5 ہزار انڈے تلف
سمیجہ آباد،رحمان پورہ،17کسی بدھلہ روڈ کی میٹ شاپس پر چھاپے ، بدبودار گوشت برآمد،صحت دشمن عناصر کیخلاف زیروٹالرنس پالیسی،بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی،راجہ منصور
ملتان،خانیوال (لیڈی رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان اور خانیوال میں کارروائیاں کرتے ہوئے ساڑھے 4 من مضر صحت گوشت، 40 کلو ممنوعہ اجزا اور 5 ہزار خراب و بدبودار انڈے تلف کردیئے ، جبکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر ملزموں کے خلاف مقدمات درج کرادیئے گئے ۔وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان کے علاقے سمیجہ آباد، رحمان پورہ اور 17کسی بدھلہ روڈ پر میٹ شاپ اور ڈیری مینوفیکچرنگ یونٹ کا معائنہ کیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق غیر قانونی سلاٹر ہاؤس سے باسی اور بدبودار گوشت برآمد ہوا، جس کی حالت انتہائی خراب اور رنگت تبدیل تھی۔
ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کو ناقابل استعمال اور مضر صحت قرار دیا۔ڈیری یونٹ کے پروڈکشن ایریا سے ایکسپائرڈ رنگ اور ممنوعہ اجزا برآمد ہونے پر کارروائی کی گئی۔ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کرائے گئے ۔دریں اثنا خانیوال کے جھنگ روڈ، بسم اللہ ٹاؤن میں انڈوں کے سٹور پر کارروائی کے دوران 5 ہزار ٹوٹے ، بدبودار اور خراب انڈے برآمد ہوئے ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق خراب انڈے مختلف بیکریوں کو خوراک کی تیاری کیلئے سپلائی کئے جانے تھے ۔راجہ منصور احمد نے کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں، جعلی اور مضر صحت خوراک فروخت کرنیوالوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments