منڈی تاجروں پر ٹیکس فوری ختم کیا جائے ، میر آصف دستی

 منڈی تاجروں پر ٹیکس فوری ختم کیا جائے ، میر آصف دستی

ٹیکسوں کی بھرمار اور مہنگائی سے عام آدمی کی مشکلات بڑھ گئیں، پی پی رہنما

کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پیپلز پارٹی ڈویژن ڈیرہ غازی خان کے ڈویژنل صدر اور امیدوار قومی اسمبلی سردار میر آصف خان دستی نے سبزی منڈی اور غلہ منڈی کے تاجروں پر عائد حالیہ ٹیکسوں کو مسترد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سے انہیں فوری ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی بھرمار اور مہنگائی نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، جبکہ کسان، تاجر اور ملازم طبقہ بھی شدید پریشانی کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ غلہ منڈی اور سبزی منڈی کے تاجر ٹیکسوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ان کے جائز مطالبات کی بھرپور حمایت کرتی ہے ۔ سردار میر آصف دستی نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے پنجاب حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ تاجروں پر عائد اضافی ٹیکسوں کا جائزہ لے کر انہیں ختم کیا جائے ۔ پی پی پی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم ہوئی تو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مؤثر پروگرام شروع کیے جائیں گے ، جن سے عام آدمی کو ریلیف اور معاشی مشکلات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوام اور تاجروں کے جائز مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...