سرکاری سکولوں کیلئے فرسٹ ٹرم امتحانات کا شیڈول ،ضابطہ کار جاری
14ستمبر کو سوالنامہ بینک اپ لوڈ کیا جائے گا، 17ستمبر کے دوران آن لائن سسٹم کے ذریعے کیو آر کوڈ والے پرچے جنریٹ کئے جاسکیں گے
ملتان(خصوصی رپورٹر)پنجاب کے سرکاری و نجی سکولوں میں پہلی سہ ماہی (فرسٹ ٹرم) سکول بیسڈ اسسمنٹ 2026-27 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا تفصیل کے مطابق پنجاب ایجوکیشن کریکلم ٹریننگ اینڈ اسسمنٹ اتھارٹی نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں پہلی جماعت سے آٹھویں جماعت تک کے تمام اسکولوں میں \\\'فرسٹ ٹرم اسکول بیسڈ اسسمنٹ 2026-27\\\' کے انعقاد کے لیے باضابطہ شیڈول اور ضوابط جاری کر دیئے ہیں نوٹیفکیشن کے مطابق، آئٹم بینک سسٹم پر 14 ستمبر 2026 کو سوالنامہ بینک اپ لوڈ کر دیا جائے گا، جس کے بعد تمام سکول 14 سے 17 ستمبر کے دوران آن لائن سسٹم کے ذریعے کیو آر کوڈ والے پرچے جنریٹ کر سکیں گے تمام سکولوں میں فرسٹ ٹرم امتحانات 18 ستمبر سے 30 ستمبر 2026 کے درمیان منعقد ہوں گے ، جبکہ 18 ستمبر سے 04 اکتوبر تک پرچوں کی چیکنگ اور رزلٹ کارڈز کی تیاری مکمل کی جائے گی۔ جاری کردہ ایس او پیز کے مطابق پہلی اور دوسری جماعت کے امتحانات زبانی لئے جائیں گے جن میں ہر مضمون کے 10، 10 نمبروں کے 5 سیکشنز ہوں گے ، جبکہ انگلش اور اردو میں تحریری مہارت کے لئے ایک ایک سوال شامل ہو گا۔ تیسری سے آٹھویں جماعت کے سوالات معروضی اور انشائیہ پر مشتمل ہوں گے اور ہر پرچہ ایک صفحے پر مبنی ہو گا۔ سکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 04 اکتوبر 2026 تک نتائج ایس آئی ایس (SIS) پورٹل پر اپ لوڈ کریں اور 05 اکتوبر 2026 کو پیرنٹ ٹیچر میٹنگ کا انعقاد کر کے والدین میں رزلٹ کارڈز تقسیم کریں۔ تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوز کو ان احکامات پر سخت عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور امتحانات کی شفافیت کے لئے صوبائی مانیٹرنگ ٹیمیں سکولوں کا معائنہ بھی کریں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments