سکول ایجوکیشن میں ریشنلائزیشن سیل قائم، سفارشات طلب
سرکاری سکولوں کی سہولیات، آسامیوں، عملے اور انتظامی ڈھانچے کا جامع جائزہ لیا جائیگا
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے کارکردگی بہتر بنانے ، انتظامی ڈھانچے کو مؤثر بنانے ، انسانی وسائل کے متوازن استعمال اور جواب دہی کا نظام مضبوط کرنے کے لئے اعلیٰ سطحی ریشنلائزیشن سیل قائم کردیا۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن مدثر ریاض ملک کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سپیشل سیکرٹری (آپریشنز) محمد اقبال کو سیل کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے ۔ دیگر ارکان میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب ایجوکیشن، کریکولم اینڈ ٹریننگ اسسمنٹ اتھارٹی سید موسیٰ علی بخاری، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن)محمد فاروق قمر، ایڈیشنل سیکرٹری (بجٹ اینڈ پلاننگ)نوید حسین اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (سیکنڈری ایجوکیشن)قیصر رشید شامل ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری (ایڈمن) محمد طلحہ سعید سیل کے رکن اور سیکرٹری کے فرائض بھی انجام دیں گے ، جبکہ ضرورت کے مطابق کوآپٹڈ ممبران شامل کئے جاسکیں گے ۔ ریشنلائزیشن سیل صوبے بھر کے سرکاری سکولوں اور محکمہ کے موجودہ دفاتر، یونٹس، آسامیوں اور رپورٹنگ ڈھانچے کا تفصیلی جائزہ لے گا۔ سیل کام کے بوجھ، منظور شدہ و خالی آسامیوں اور عملے کی تعیناتی کی ضرورت کا تجزیہ کرکے زائد یا غیر ضروری آسامیوں کی نشاندہی کرے گا۔ اس کے علاوہ آسامیوں کی ازسرنو تنظیم، ادغام یا خاتمے سے متعلق ڈیٹا پر مبنی تجاویز اور انتظامی عملے کا جامع و اپ ڈیٹ ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سیل اپنی سفارشات، تجزیاتی رپورٹ اور لائحہ عمل 20 دن کے اندر سیکرٹری سکول ایجوکیشن کو حتمی منظوری اور غور کے لیے پیش کرنے کا پابند ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments