ویمن یونیورسٹی ، بنگلہ دیشی یونیورسٹی میں تعلیمی تعاون معاہدہ
طلبہ تبادلہ، مشترکہ تحقیق، انٹرن شپ ،عالمی کانفرنسز کے مواقع فراہم ہوں گے
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان اور یونیورسٹی آف اسکالرز بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کے لیے خطِ عزم (لیٹر آف انٹینٹ) کا تبادلہ ہوگیا۔ یونیورسٹی ترجمان کے مطابق اس شراکت داری کا مقصد دونوں اداروں کے طلبہ اور اساتذہ کو اعلیٰ تعلیم، مشترکہ تحقیق اور بین الاقوامی تجربات کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔یونیورسٹی آف اسکالرز کے رجسٹرار کیپٹن علی خندکر (ریٹائرڈ) کی جانب سے ویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کو ارسال کیے گئے مراسلے کے مطابق تعاون کے تحت طلبہ کے تبادلے ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں مشترکہ نگرانی، انٹرن شپ، تحقیقی اشاعتوں اور بین الاقوامی سیمینارز و کانفرنسز کے انعقاد کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔ دونوں جامعات اساتذہ کی استعداد کار بڑھانے ، نصاب کو جدید بنانے اور بین الاقوامی تحقیقی گرانٹس کے حصول کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گی۔یونیورسٹی آف اسکالرز کے رجسٹرار کیپٹن علی خندکر نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی تعلقات قائم کرنے پر خوشی ہے ۔ دونوں اداروں کا اعلیٰ تعلیمی معیار، جدت اور بین الاقوامی سطح پر صلاحیتیں بڑھانے کا عزم اس شراکت داری کو مفید بنائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ عالمی سطح پر تعلیمی و تحقیقی روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اس تعاون سے طالبات اور ریسرچ اسکالرز کو اپنی صلاحیتیں عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے کے مواقع ملیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments