کپاس کے 12 فٹ بلند پودے ، 100 من ایکڑپیداوار کی امید

 کپاس کے 12 فٹ بلند پودے ، 100 من ایکڑپیداوار کی امید

کاشتکار چودھری اعجاز رشید کی فصل توجہ کا مرکز، جدید طریقہ کاشت اپنانے پر زور

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)چک نمبر 22 ڈبلیو بی کی بستی قائم آباد کے معروف کاشتکار چودھری اعجاز رشید کے کھیت میں کپاس کی غیر معمولی فصل زرعی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ ان کے کھیت میں کپاس کے پودوں کا قد 10 سے 12 فٹ تک پہنچ گیا ہے ، جبکہ شاخیں بھی بڑی تعداد میں ٹینڈوں سے لدی ہوئی ہیں۔ فصل کی بھرپور بڑھوتری نے علاقے کے کاشتکاروں میں دلچسپی پیدا کردی ہے ۔چوہدری اعجاز رشید کے مطابق وہ اب تک فی ایکڑ اوسطاً 65 من کپاس حاصل کرچکے ہیں، جبکہ پودوں پر موجود مزید ٹینڈوں سے 24 سے 35 من فی ایکڑ پیداوار ملنے کی توقع ہے ۔ ان کے بقول، اگر اندازے کے مطابق مزید پیداوار حاصل ہوئی تو مجموعی پیداوار 89 سے 100 من فی ایکڑ تک پہنچ سکتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 46 سال سے کپاس کی کاشت سے وابستہ ہیں، تاہم موجودہ فصل کی بڑھوتری اور ٹینڈوں کی تعداد ان کے لیے بھی ایک غیر معمولی تجربہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سندھ میں بھی کپاس کی کاشت دیکھی ہے ، لیکن ایسی شاندار فصل ان کی نظر سے نہیں گزری۔کاشتکار نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ موزوں اقسام کے انتخاب، جدید طریقہ ہائے کاشت اور فصل کی بروقت دیکھ بھال پر توجہ دیں۔ انہوں نے فروری میں کپاس کی کاشت کے تجربے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکار فصل کی منصوبہ بندی کرتے وقت زرعی ماہرین کی سفارشات اور متعلقہ ورائٹی کے نتائج کو بھی مدنظر رکھیں۔ان کے مطابق جدید زرعی طریقے اپنا کر کپاس کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

 اور پاکستان میں کپاس کی کاشت کو دوبارہ فروغ دیا جاسکتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...