عوامی مسائل کا حل اور گڈ گورننس ،اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ
کمیٹی اجلاس میں انسداد ڈینگی مہم، بجلی کی فراہمی ، صاف پانی کے منصوبوں کا جائزہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت عوامی سہولیات میں بہتری اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے پارلیمنٹیرینز اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ اقدامات تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ رکن صوبائی اسمبلی بیرسٹر اصغر حیات ہراج کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا رواں ماہ دوسرا اجلاس منعقد ہوا، جس میں عوامی فلاحی منصوبوں پر پیش رفت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر اور محمد خان ڈاہا، اراکین صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم حنیف اور چوہدری ضیاء الرحمٰن جبکہ دیگر منتخب نمائندوں کے نمائندگان نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر حنا ارشد، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عابد اور مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔اجلاس کے دوران ضلع میں جاری انسداد ڈینگی مہم اور عوامی آگاہی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ شرکا نے ڈینگی سے بچاؤ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔میپکو حکام نے بجلی چوری کی روک تھام، بجلی کی فراہمی سے متعلق ترقیاتی منصوبوں اور فیسلیٹیشن سینٹرز کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس میں بجلی صارفین کے مسائل حل کرنے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔صاف پانی اتھارٹی نے فعال اور غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس، نئے منصوبوں اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے جاری اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی کہ عوامی مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے رابطہ کاری مؤثر بنائی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments