نجی سکولوں کے میگا ایونٹس کیلئے این او سی لازمی قرار

 نجی سکولوں کے میگا ایونٹس کیلئے این او سی لازمی قرار

ٹکٹوں اور فنڈز کی جبری وصولی پر پابندی، خلاف ورزی پر پانچ لاکھ جرمانہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)ڈسٹرکٹ رجسٹرنگ اتھارٹی ملتان نے ضلع بھر کے نجی سکولوں میں بڑے اور میگا ایونٹس کے انعقاد کے لئے سخت ضابطئہ اخلاق جاری کر دیا ہے ، جس کے تحت ایونٹ سے کم از کم ایک ماہ قبل ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سے باقاعدہ عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی)حاصل کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نجی سکول انتظامیہ کسی بھی بڑے پروگرام یا میگا ایونٹ کے انعقاد سے قبل متعلقہ حکام سے این او سی حاصل کرنے کی پابند ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد سکولوں میں ہونے والی تقریبات کو ضابطوں کے مطابق منعقد کرنا اور طلبہ و عملے پر غیر ضروری مالی بوجھ ڈالنے کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ طلبہ اور سکول کے عملے کو تقریبات میں شرکت کے لئے زبردستی ٹکٹ خریدنے یا غیر قانونی فیس اور دیگر رقوم جمع کرانے پر مجبور نہیں کیا جا سکے گا۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی جبری وصولی کو احکامات کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ضابطئہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے سکولوں پر پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ ایونٹ کے لئے جاری کردہ این او سی بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔اتھارٹی کی جانب سے یہ ہدایات پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1984ء (ترمیم شدہ) کی دفعہ 12C کے تحت جاری کی گئی ہیں۔ متعلقہ حکام نے نجی سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...