نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ سیفٹی سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا گیا

 نجی سکولوں کیلئے بلڈنگ سیفٹی سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا گیا

21 اکتوبر تک مہلت، پی ای سی سے رجسٹرڈ انجینئرز سے فٹنس جانچ کرانا ہوگی

ملتان (خصوصی رپورٹر)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان نے ضلع بھر کے تمام نجی سکولوں کی عمارتوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لئے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے ، جبکہ سکول مالکان اور پرنسپلز کو 21 اکتوبر 2026ء تک سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر ملتان کی ہدایت پر جاری مراسلے کے مطابق تمام نجی سکولوں کی انتظامیہ مقررہ تاریخ تک اپنی عمارتوں کا بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ متعلقہ حکام کے دفاتر میں جمع کرانے کی پابند ہوگی۔ سرٹیفکیٹ پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی)سے رجسٹرڈ اسٹرکچرل انجینئرز یا متعلقہ کنسلٹنٹ فرمز سے حاصل کرنا ضروری ہوگا۔حکام کے مطابق سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے انجینئرز کے لئے لازم ہوگا کہ وہ خود موقع پر جا کر عمارت کا معائنہ کریں۔ سرٹیفکیٹ پر انجینئر کا مکمل نام، رابطہ نمبر، رجسٹریشن نمبر اور پتہ درج کرنا بھی ضروری ہوگا تاکہ عمارت کی فٹنس کی تصدیق اور متعلقہ ذمہ داران کی شناخت یقینی بنائی جا سکے ۔مراسلے کے مطابق لڑکوں کے سکولوں کے بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹس متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) جبکہ لڑکیوں کے سکولوں کے سرٹیفکیٹس ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (فی میل)کے دفاتر میں جمع کرائے جائیں گے ۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ تک احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے سکولوں کے خلاف پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز آرڈیننس 1984ء کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد نجی تعلیمی اداروں میں طلبہ اور عملے کے لئے محفوظ تعلیمی ماحول کی فراہمی اور عمارتوں کی فٹنس یقینی بنانا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...