بے ہنگم،بغیر نقشہ تعمیرات کیخلاف انتظامیہ متحرک،انسپکشن کے احکامات
شہر میں کمرشل سرگرمیوں کی منظوری مقررہ قواعد وضوابط اور ماسٹر پلان کے مطابق دی جائے گی، تعمیراتی قوانین ، شہری منصوبہ بندی کو مد نظر رکھا جائے گا،ڈی سی فیصل سلیم
ملتا ن( وقائع نگار خصوصی) شہر کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور کمرشل سرگرمیوں کو ماسٹر پلان کے مطابق منظم کرنے کے لئے ڈسٹرکٹ ڈیزائن اینڈ پلاننگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مختلف کمرشل مقامات کی منظوری سے متعلق کیسز کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ شہر میں بے ہنگم تعمیرات اور بغیر منظور شدہ نقشوں کے قائم عمارات کی نشاندہی کے لئے انسپکشن کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں کمرشل سرگرمیوں کی منظوری مقررہ قواعد و ضوابط اور ماسٹر پلان کے مطابق ہی دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کمرشل عمارات کی منظوری کے عمل میں تعمیراتی قوانین، شہری منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر کی ضروریات کو مدنظر رکھا جائے تاکہ شہر کی ترقی کو منظم بنایا جا سکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنرفیصل سلیم نے مزید کہا کہ شہر میں خلاف ضابطہ اور بے ہنگم عمارات کی تعمیر اکثر سانحات کا سبب بنتی ہے شہری عمارات کو قانونی بنانے کے لئے تعمیرات سے قبل نقشے کی منظوری کا مرحلہ ہر صورت طے کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments