سانحہ کارساز شہدا ء کیلئے دعائیہ تقریب، خراج عقیدت پیش
رحیم یار خان (ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر، ایم پی اے اور چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کلچر سردار حبیب الرحمان خان گوپانگ کی صدارت میں گوپانگ ہاؤس میں سانحہ کارساز کراچی کے شہدا کی یاد میں دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کی نظامت ضلعی جنرل سیکرٹری مرشد سعید ناصر نے کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار حبیب الرحمان خان گوپانگ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک اور جمہوریت کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، جبکہ سانحہ کارساز ان قربانیوں کی نمایاں مثال ہے ۔ سیاسی جماعتوں کو اس واقعے سے سبق حاصل کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس وقت اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے ، جبکہ انتشار پھیلانے والے عناصر ملک اور عوام کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے ۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے جدوجہد کی ہے ۔
جنوبی پنجاب میں پارٹی کو مضبوط بنانے کے لیے سابق گورنر پنجاب اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود کی کوششیں قابلِ ذکر ہیں۔ کارکن بھٹو ازم کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے محنت کریں تاکہ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی جاسکے ۔ضلعی جنرل سیکرٹری مرشد سعید ناصر نے بھی پارٹی کی جمہوری جدوجہد اور قائدین و کارکنوں کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں فاروق عزیز گجر، راجہ خان سولنگی، مرزا امین خان، محمود الحسن، فیاض خان، پیٹر جان بھیل اور دیگر عہدیداروں و کارکنوں نے شرکت کی۔ اختتام پر شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی، جبکہ کارکنوں کے لیے لنگر کا بھی انتظام کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments