کسان اتحاد کا گنے کا مناسب معاوضہ نہ ملنے پر احتجاج کا اعلان

کسان اتحاد کا گنے کا مناسب معاوضہ نہ ملنے پر احتجاج کا اعلان

شوگر ملز پر حکومتی کنٹرول نہ ہونے کا دعویٰ، زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی)صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے کہا ہے کہ گنے کا مناسب معاوضہ نہ ملنے پر کسان اتحاد آئندہ ہفتے ملتان سے احتجاجی تحریک شروع کرے گا۔ شوگر ملوں پر حکومت کا کنٹرول نہیں اور کسانوں کو تاحال گنے کی مناسب قیمت نہیں مل سکی۔ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ ملکی تاریخ میں اس سال گنے کی کاشت زیادہ ہوئی ہے ، لیکن کاشتکاروں کو فصلوں کے مناسب نرخ نہیں مل رہے ۔ کسانوں کو پیداواری لاگت کے علاوہ کم از کم 25 فیصد منافع دیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کا حوالہ دے کر کسانوں کو فصلوں کے بہتر نرخ نہیں دیے جاتے ، جس کے باعث پاکستان کا زرعی شعبہ مشکلات کا شکار ہے ۔ حکومت فوری طور پر زرعی ایمرجنسی نافذ کرے اور کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے ۔خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ پاکستان میں غربت کی شرح تشویش ناک ہے ، جبکہ خطے کے دیگر ممالک کی فی کس آمدنی پاکستان سے زیادہ ہے ۔ کاشتکاروں کو فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے سے ان کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت بھی بہت زیادہ ہو چکی ہے اور ان کے بقول آٹا چینی سے بھی مہنگا ہو گیا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کسانوں کو زرعی اجناس کے مناسب نرخ دلانے اور زراعت کو بحران سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کرے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...