انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے شروع
ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کی ٹیمیں حصہ لیں گی، کمشنرافتتاح کرینگے
ملتان (خصوصی رپورٹر) سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کے یوتھ کیلنڈر 2026ء کے تحت انٹر ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ 22 اکتوبر سے ڈویژنل سپورٹس کمپلیکس ملتان میں شروع ہوگی۔ مقابلے 22 اور 23 اکتوبر، بروز جمعرات اور جمعہ، منعقد ہوں گے ۔ چیمپئن شپ میں ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کی ضلعی فٹبال ٹیمیں حصہ لیں گی۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر ملتان عامر کریم خان ہوں گے ، جو ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے ۔ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملتان عطاالرحمن خان نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی ایس او ملتان عدنان نعیم، ٹی ایس او صدر فاروق لطیف، ٹی ایس او صدر نور خان قیصرانی اور وقار احمد نے شرکت کی، جبکہ ڈی ایس او وہاڑی عاصم بھٹی، ڈی ایس او خانیوال محمد حفیظ اور ڈی ایس او لودھراں ساجد محمود نے آن لائن شرکت کی۔عطاالرحمن خان نے بتایا کہ چیمپئن شپ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ ان کمیٹیوں کی ذمہ داری ہوگی کہ ایونٹ میں شریک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور مقابلوں کے انعقاد کو منظم بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ کا مقصد نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments