نادہندہ سرکاری دفاتر کے پانی،سیوریج کنکشن کاٹنے کا حکم

نادہندہ سرکاری دفاتر کے پانی،سیوریج کنکشن کاٹنے کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد اجمل بھٹی نے ریونیو اہلکاروں کو ایک ہفتہ کی وارننگ دیتے ہوئے ۔۔

واضح کیا ہے کہ ہدف حاصل نہ کرنے والے ملازمین کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا اور انہیں گھر بھیج دیا جائے گا،انہوں نے واجبات ادا نہ کرنے والے سرکاری دفاتر کے پانی و سیوریج کے کنکشن بھی فوری کاٹنے کا حکم دیا ہے ، یہ احکامات انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں ایم سی کے واجبات کی وصولی کے جائزہ اجلاس میں جاری کیے ، اجلاس میں چیف آفسیر اور میونسپل افسران سمیت ریونیو سٹاف نے شر کت کی، کمشنر نے کہا کہ واجبات کی وصولی کو تیز کیا جائے اور رواں مالی سال کے اختتام تک سو فیصد وصولی یقینی بنائی جائے ۔ انہوں نے پانی کے بل ہر تین ماہ بعد صارفین کو بھیجنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہر ماہ بل بھیجنے کی ہدایت کی،انہوں نے بتایا کہ صارفین کو واجبات کی ادائیگی کے لیے ایم سی کی ایپ جلد فعال ہو جائے گی،صارفین کو ڈاکخانہ کے ذریعے بلز بھیجنے کے ساتھ ای پیمنٹ کی سہولت بھی جلد فراہم کردی جائے گی، انہوں نے بلڈنگ انسپکٹرز کو تمام رہائشی علاقوں کا سروے کرکے کمرشلائز کروائے بغیر کمرشل سرگرمیاں انجام دینے والے یونٹس فوری سیل کرنے کا بھی حکم دیا، انہوں نے کہا کہ ایم سی ملازمین کے لیے رواں ماہ کے 25 اور 26 کو آئی ٹی اور اے آئی کی فری ٹریننگ کروائی جارہی ہے ۔ملازمین انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کریں تاکہ ان کی کارکردگی میں نکھار آئے ۔انہوں نے واضح کیا آئندہ ایم سی میں آئی ٹی ایکسپرٹ کو ڈیلی ویجز پر بھرتی کیا جائے گا۔ 

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں