عید پر فرائض میں غفلت ، 3 یونین سیکرٹری معطل ، بہترین کارکردگی پر سر ٹیفکیٹس دینے کا فیصلہ

عید  پر  فرائض  میں  غفلت  ،  3 یونین  سیکرٹری  معطل  ،  بہترین  کارکردگی  پر  سر ٹیفکیٹس دینے  کا  فیصلہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) عید کے موقع پر فرائض سے غفلت برتنے والے تین یونین سیکرٹری معطل جبکہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالوں کو سرٹیفکیٹس دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔۔

اس سلسلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابر شہزاد رانجھا کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں اے ڈی ایل جی سرگودھا مہر غلام عباس سمیت دیگر افسران بھی شریک تھے ، اس موقع پر بابر شہزاد رانجھا نے عید الاضحی پر ضلع بھر میں بہترین صفائی پر یونین کونسلوں کے سیکرٹریز و دیگر عملہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز کے ویژن کے مطابق کمشنر و ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ و فیلڈ سٹاف نے شدید گرمی میں جس طرح دن رات ایک کئے وہ داد و تحسین کے مستحق ہیں، یونین کونسل سیکرٹریز اور ورکرز کے جذبہ کی قدر کرتے ہوئے جلد انہیں تعریفی سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے ،امید ہے کہ لوکل گورنمنٹ افسران و ملازمین آئندہ بھی اسی جذبے کے تحت کام کرینگے ،تمام تحصیلوں میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات گڈ گورننس کا عملی ثبوت ہے اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے اے ڈی ایل جی مہر غلام عباس نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دیہات میں صفائی کے حوالے سے جلد مقابلہ جات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس سے عام افراد میں اس پروگرام کو مزید تقویت ملے گی ، اس موقع پرعید کے ایام میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے تین یو سی سیکرٹریز کو معطل کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں