محرم :سکیورٹی جائزہ کیلئے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اہم اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق نے کی۔
ان کے ہمراہ صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان بھی موجود تھے ، جبکہ صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد، اور ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل نے بھی شرکت کی۔ کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان اور آر پی او ڈاکٹر شہزاد آصف نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی ،انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضوابط پر من و عن عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ سرگودھا کے پرخلوص عوام سبیل، نیاز و لنگر کے انتظامات میں انتظامیہ سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے کہا کہ عاشورہ امن، یکجہتی اور بھائی چارے کا پیغام دے رہا ہے ۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے سرگودھا ڈویژن کے علماء و مشائخ اور ڈویژنل امن کمیٹی سے ملاقات کی۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر اور کمیٹی کے چیئرمین خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ ان کے ہمراہ صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ، بلال اکبر خان، سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب چوہدری سلطان، ڈی آئی جی سپیشل برانچ خرم شہزاد، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عثمان گوندل، کمشنر سرگودھا جہانزیب اعوان، آر پی او ڈاکٹر شہزاد آصف، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او موجود تھے ۔ ملاقات میں سرگودھا، خوشاب، بھکر اور میانوالی کے مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ اور اقلیتی برادری کے نمائندگان نے شرکت کی۔