واسا سرگودھا کو15اگست تک مکمل فعال کرنے کا فیصلہ
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ضلعی ٹرانزیکشن ٹیم کا پہلا اجلاس ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔۔
اجلاس میں واسا سرگود ھا کے قیام کے سلسلے میں میونسپل کارپوریشن اور دیگر اداروں سے سیوریج، واٹر سپلائی، ڈرینج، مشینری، ہیومن ریسورس اور دیگر اثاثہ جات کی منتقلی کے طریقہ کار اور لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ واسا کا قیام حکومت پنجاب کا ایک تاریخی قدم ہے جو شہریوں کو جدید اور معیاری بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر مشینری، گاڑیوں، سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم کی تفصیلات، ڈرائنگز، ریکارڈز، اور متعلقہ ملازمین کی مکمل فہرستیں مرتب کر کے واسا کو فراہم کریں، تاکہ ادارہ مقررہ وقت کے اندر فعال ہو سکے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق واسا سرگودھا کو 15 اگست تک مکمل طور پر فعال کیا جانا ہے ۔ اس مقصد کے لیے عزیز اﷲ خان کو واسا سرگودہا کا پہلا منیجنگ ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے ، جو بدھ کے روز اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔ عزیز اﷲ خان واسا راولپنڈی میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور اس شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔کمشنر نے واسا کے لیے دفتر کے قیام، ضروری سہولیات کی فوری فراہمی اور ادارے کے ڈھانچے کی تشکیل کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔ انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل کو واسا اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان رابطے اور اثاثہ جات کی منتقلی کی نگرانی کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا اور کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ کریں گے ۔