کمشنر سرگودہا ستھرا پنجاب،تجاوزات کیخلاف آپریشن کا جائزہ

کمشنر سرگودہا ستھرا پنجاب،تجاوزات کیخلاف آپریشن کا جائزہ

سرگودھا(سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ستھرا پنجاب، سیوریج، تجاوزات، بیوٹیفکیشن اور دیگر شہری مسائل سے متعلق اہم اجلاس ان کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد ارشد، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ایم ڈی واسا عزیز اﷲ خان، ایس ای فیسکو ابرار احمد خان، سی ای او ایس ڈبلیو ایم سی رانا شاہد عمران، سی او میونسپل کارپوریشن ماجد بن احمد، اے ڈی سی آر فہد محمود، اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا شیریں گل کے علاوہ ہائی ویز، پبلک ہیلتھ، خوراک اور ٹرانسپورٹ کے افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب فروا عامر، ڈپٹی کمشنر میانوالی خالد گورائیہ اور ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنرز کو شہری اور دیہی علاقوں میں \\\"ستھرا پنجاب\\\" پروگرام کے تحت سرگودہا ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے کے لیے دو روز کے اندر سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ای او میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر کا دورہ کر کے تمام سٹریٹ لائٹس کی غیر فعال صورتحال کی رپورٹ پیش کریں اور ان کے فعال بنانے کے لیے جامع تجاویز بھی دیں۔ پی ایچ اے کو جھاڑیوں کی کٹائی، سڑکوں کے کنارے اْگی غیر ضروری گھاس اور کمپنی باغ کی بہتری کے لیے عملی سفارشات دینے کی ہدایت کی گئی۔ کمشنر نے غالب لائبریری کی تزئین و آرائش کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سرگودہا کو فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے ان سے مکمل تجاویز اور سفارشات طلب کیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ اگر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا کوئی کنٹریکٹر تسلی بخش کارکردگی نہیں دکھا رہا تو ڈپٹی کمشنر اسے تبدیل کرنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے ، اس لیے فوری طور پر نکاسی آب اور حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کے ساتھ رابطہ کر کے ایسے تمام مقامات کی نشاندہی کرنے اور رکاوٹوں کو ختم کرنے کی ہدایت کی جہاں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں