شاہ پور صدر :وال آف شاہ پور اور کلاک ٹاور کا افتتاح

 شاہ پور صدر :وال آف شاہ پور اور کلاک ٹاور کا افتتاح

شاہ پور صدر (نامہ نگار )وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور بیوٹیفکیشن پلان کے مطابق شاہ پور صدر میں جنرل بس سٹینڈ کی بیرونی دیوار پر \"وال آف شاہ پور\" تخمینہ لاگت 35 لاکھ روپے جبکہ کلمہ چوک پر کلاک ٹاور کی تعمیر پر تخمینہ لاگت 15 لاکھ روپے خرچ کی گئی ہے ،

 جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے ۔کمشنر سرگودھا ملک جہانزیب اعوان نے کلمہ چوک میں کلاک ٹاور اور جنرل بس اسٹینڈ پر وال آف شاہ پور کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح شاہ پور کے ہر کونے کو صاف ستھرا اور دلکش بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے لیے سپورٹس اسٹیڈیم کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور بہت جلد مکمل ہوگا، جبکہ سہولت بازار کا ٹینڈر بھی مکمل ہو چکا ہے اور جلد اس پر کام شروع کیا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری لائیو سٹاک سردار عاصم شیر میکن، ڈپٹی کمشنر سرگودھا کیپٹن وسیم، اسسٹنٹ کمشنر عابد ممتاز، ڈویژنل نائب صدر ن لیگ ملک تیمور قطبی، چیف آفیسر مبشر کلیم، ایس ڈی او علی مہران، رانا مرتضیٰ، رانا تیمور اور رانا زوہیب بھی موجود تھے ۔پارلیمانی سیکرٹری سردار عاصم شیر میکن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہروں کی تزئین و آرائش جاری ہے ،

جس میں قدیمی دروازوں کی بحالی، مرکزی بازاروں میں فوارے اور واٹر فیچرز، مصنوعی آبشاریں، رنگین ٹائلوں سے فٹ پاتھ کی تزئین، فائبر گلاس شیڈز کی تنصیب اور گرین بیلٹس کی بہتری شامل ہے ۔وال آف شاہ پور اور کلاک ٹاور پر لگائی گئی رنگ برنگی روشنیوں نے شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کیا، لوگ بچوں کے ہمراہ رات گئے تک دونوں مقامات دیکھنے آتے ہیں اور یہ مقامات ایک بارونق تفریح گاہ کا روپ دھار چکے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں