کمشنر کا ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ کیلئے طویل دورہ
کمشنر کا ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ کیلئے طویل دورہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اورشہریوں کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیں،شوکت علی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے بدھ کی شام شہر کے مختلف علاقوں کا دو گھنٹے طویل دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ کمشنر نے کباڑی بازار، اسلام پورہ، گل والا اور نیو سیٹلائٹ ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں اور بلاکس کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور شہریوں سے براہ راست ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق آگاہی اور عملدرآمد کے بارے میں رائے لی۔ شہریوں نے مجموعی طور پر عملہ صفائی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور بعض مقامات پر مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی دیں۔کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے ، روزانہ کی بنیاد پر نگرانی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کی نشاندہی پر فوری ایکشن لیا جائے ۔