کمشنر کا نگہبان رمضان سہولت اور ریہڑی بازاروں کا دورہ

کمشنر کا نگہبان رمضان سہولت اور ریہڑی بازاروں کا دورہ

کمشنر کا نگہبان رمضان سہولت اور ریہڑی بازاروں کا دورہ اسٹالز پر جا کر سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی، کے نرخ نامے کو چیک کیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے ماڈل مارٹ سرگودھا میں قائم نگہبان رمضان سہولت بازار اور 9 نمبر چونگی پر ماڈل ریہڑی بازار کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی اشیائے خوردونوش کے معیار، قیمتوں اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔کمشنر نے مختلف اسٹالز پر جا کر سبزیوں، پھلوں، آٹا، چینی، دالوں اور دیگر ضروری اشیاء کی سرکاری نرخ نامے کے مطابق فروخت کو چیک کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ نرخوں کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے ۔اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق نگہبان رمضان سہولت بازاروں کا مقصد عوام کو معیاری اشیاء مناسب قیمتوں پر فراہم کرنا ہے تاکہ مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو صفائی، سیکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔کمشنر نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی کو بھی عوام کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور بہتری کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ھیڈ کوارٹر ماجدبن احمد اور اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل بھی ہمراہ تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں