مجسٹریٹس کی کارکردگی مایوس کن روزانہ رپورٹ طلب
اشیاء مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے 52 افسران کو سپیشل مجسٹریٹس کے اختیارات دئیے ،گاڑیوں پر نیلی بتی تو لگوالی ،اکثریت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر افسران و مجسٹریٹس کے دفاتر میں کام کرنیوالا نچلا عملہ بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں مصروف ،سب سے زیادہ شکایات اے سی سرگودھا کے ریڈر و عملے کے خلاف آ رہی ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) اعلی انتظامیہ کی سرکاری امور میں عدم دلچسپی کے باعث پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی مایوس کن ہونے سے سرگودھا کارکردگی کے لحاظ سے 36اضلاع میں 34ویں نمبر پر چلا گیا ۔انتہائی مایوس کارکردگی پر حکومت کا اظہار برہمی۔ ذرائع کے مطابق روز مرہ استعمال کی اشیاء مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لئے ضلع میں 52 افسران کو سپیشل مجسٹریٹس کے اختیارات دئیے گئے ہیں، ان افسران نے اپنی گاڑیوں پر نیلی بتی تو لگوالی ہے ، لیکن اکثریت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے ، ان کے ایکشن نہ لینے سے اشیاء خورد و نوش مقررہ نرخ سے زائد پر دوکاندار فروخت کر رہے ہیں، ان افسران کی عدم دلچسپی سے سرگودھا کا34واں نمبر ہے ۔ وزیراعظم نے صوبہ بھر میں ان مجسٹریٹس کو کارکردگی بہتر بنانے اور روزانہ کی پراگرس رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کی،دوسری جانب رمضان المبارک کے دوران اسسٹنٹ کمشنر ز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تو مطلوبہ نتائج نہ دے سکے اور نہ ہی مہنگائی کنٹرل ہوئی البتہ ان افسران و مجسٹریٹس کے دفاتر میں کام کرنیوالا نچلا عملہ بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے میں زوروشور سے مصروف ہے ،سب سے زیادہ شکایات اے سی سرگودھا کے ریڈر و عملے کے خلاف سامنے آ رہی ہیں جن کی طرف سے بالخصوص خود ہی خریداری کروا کر کچھ دیر بعد چھاپے کے نام پر بھاری وصولیاں کی جا رہی ہیں جس پر دوکانداروں میں تحفظات پائے جاتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جرمانے کر کے عملہ رسید بھی نہیں دیتا اور نہ دینے والوں کو مقدمہ کے اندراج کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، انہوں نے ارباب اختیار سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔