بیمار مرغیوں کے گوشت کی فروخت جاری پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں شہریوں میں تشویش

بیمار مرغیوں  کے گوشت کی فروخت جاری پیٹ اور آنتوں کی بیماریاں شہریوں میں تشویش

شیڈ مالکان، مڈل مین اور دکانداروں کی مبینہ ساز باز سے دکاندار صبح سپلائی ؤ نے پر گو شت بنا لیتے ہیں ،وزن میں ہیر پھیر کر کے ناجائز منافع خوری بھی جاری ، حکام سے نو ٹ کا مطالبہ

سرگودھا (سٹاف رپورٹر )چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کے باعث شہر بھر میں مبینہ طور پر بیمار مرغیوں کے گوشت کی سرعام فروخت کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ ناپ تول میں کمی بھی معمول بنتی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق شیڈ مالکان، مڈل مین اور دکانداروں کی مبینہ ساز باز سے بیمار مرغیاں بھی ذبح کر کے فروخت کی جا رہی ہیں۔ مرغی کی سپلائی علی الصبح ہوتی ہے جس کے فوری بعد شہر کے بیشتر دکاندار گوشت تیار کرنا شروع کر دیتے ہیں، جس کی آڑ میں مبینہ طور پر مردہ اور بیمار مرغیاں بھی کاٹ کر شامل کر لی جاتی ہیں۔اسی طرح سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کے ساتھ وزن میں ہیر پھیر کر کے ناجائز منافع خوری بھی جاری ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ مضر صحت گوشت کے استعمال کے باعث علاقے میں پیٹ اور آنتوں کی بیماریوں کے ساتھ ہڈیوں کے مسائل میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے ۔مرغی فروشوں کا مؤقف ہے کہ اگر مرغی 25 سے 35 دن میں تیار ہو تو اس کی شکل و صورت ایسی ہی ہوتی ہے ، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے سرکاری سطح پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں اور متعلقہ محکمے مبینہ طور پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔تاکہ شہری مضر صحت گوشت کھانے سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بچ سکیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں