میگا سکینڈل ذمہ داروں کو بچانے کیلئے سفارشات کھڈے لائن لگا دیں
سکیم کے مختص وسیع رقبے کا ریکارڈ غائب ہونے کا بھی انکشاف،آڈٹ ٹیم کو فراہم نہ کرنے والے افسران و ملازمین کے خلاف الگ سے کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سرگودھا میں منگلا ڈیم سکیم کے تحت اربوں روپے کے میگا سکینڈل کے ذمہ داروں کو بچانے کیلئے اینٹی کرپشن کی سفارشات اعلی انتظامیہ نے کھڈے لائن لگا دی جبکہ اس سکیم کے مختص وسیع رقبے کا ریکارڈ غائب ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے جس پر ریکارڈ آڈٹ ٹیم کو فراہم نہ کرنے والے افسران و ملازمین کیخلاف الگ سے کاروائی کے احکامات جاری کر دیئے گئے سرگودھا میں منگلاٹیم اسکیم کے تحت اربوں روپے کی سرکاری زمینیں کوڑیوں کے بھاؤ سابقہ اور موجودہ ملازمین نے اپنے عزیز اقارب کیساتھ ساتھ من پسند افراد کو الاٹ کیں، اس حوالے سے اینٹی کرپشن حکام اپنی فائنڈنگ رپورٹ دوماہ قبل جاری کر کے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کوسابق کالونی اسسٹنٹ رانا انور، سپرٹینڈنٹ سبطین شاہ و دیگر ذمہ داروں کیخلاف کاروائی کی سفارش کر چکے ہیں مگر یہ سفارشات ردی کی نذر کر دی گئیں اور ذمہ داروں کو بچانے کیلئے اس میگا سکنڈل کو زیادہ سے زیادہ دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر گزشتہ روز آڈٹ حکام نے بھی یہ انکشاف کر دیا ہے ،منگلہ ڈیم کے تحت مختص کی گئی 14ہزار320ایکڑ کازیادہ تر ریکارڈ تو پہلے ہی غائب کر دیا گیا اور جو ریکارڈ مہیا کیا گیا ہے وہ انتہائی کم ہے ، اس ضمن میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ آڈٹ بی او آر مانیٹرنگ ونگ ڈپٹی کمشنرسرگودھا کو آگاہ کیا گیا کہ متعلقہ شعبہ جات نے صرف 770ایکڑ کا ریکارڈ مہیا کیا جبکہ 13ہزار550ایکڑ اراضی کا مطلوبہ ریکارڈ آڈٹ ٹیم کو فراہم ہی نہیں کیا گیا۔