دھریمہ میلہ پر تلخ کلامی پر فائرنگ کر کے دو افراد زخمی کر دیئے
مسلح افراد کوگھات لگا کر بیٹھ گئے جب فخر عباس وہاں پہنچا توفائرنگ کر دی
شاہ پور صدر (نامہ نگار ) دھریمہ میلہ پر تلخ کلامی کے نتیجے میں چھ افراد نے میلہ دیکھ کر گھر آنے والوں پر فائرنگ کر کے دو افراد زخمی کر دیئے ، پولیس تھانہ شاہ پور سٹی نے فخر عباس قوم مسلم شیخ کی درخواست پر اسماعیل قوم تگی اعوان ، حسن ولد اسلم قوم گوریہ ، اسد ولد اسلم قوم گوریہ ، فخر اعوان و دو نامعلوم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے فخر عباس نے رپورٹ درج کرائی کہ وہ احمد عبداللہ ، عرفان ، غلام محمد کے ہمراہ دھریمہ میلہ دیکھنے گئے ہوئے تھے جہاں ان کی شاہ پور سٹی کے رہائشی فخر اعوان سے تلخ کلامی ہو گئی جس کے بعد معاملہ رفع دفع ہو گیا ، فخر اعوان ان سے پہلے گھر پہنچ گیا اور اپنے ساتھ مسلح افراد کو لے کر یوٹیلیٹی سٹور کے قریب گھات لگا کر بیٹھ گیا جب فخر عباس اپنے ساتھیوں کے ہمراہ وہاں پہنچا تو ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی گولیاں لگنے سے فخر عباس اور احمد اللہ زخمی ہو گئے ، ملزمان دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ لڑائی جھگڑے اور فائرنگ کے نتیجے میں قصبہ روال کے محمد بشیر پر مطیع اللہ مسلح بندوق بارہ بور، فرمان مسلح پسٹل ، حسن رضا مسلح پسٹل ، غوث محمد ، عمران جھاوری نے فائرنگ کر دی ، محمد بشیر بھاگ کر اپنے گھر گھس گیا اور اپنی جان بچائی ، فائرنگ کی وجہ چند روز قبل محمد بشیر کے بیٹے کی ملزم مطیع اللہ سے تلخ کلامی بتائی جاتی ہے جس کا ملزمان کو رنج تھا ۔