غیر قانونی پارکنگ اڈوں کی منتقلی کیلئے سفارشات پیش کرنیکا کا حکم

غیر قانونی پارکنگ اڈوں کی منتقلی کیلئے سفارشات پیش کرنیکا کا حکم

سیکرٹری آر ٹی اے کو شہر کے اندر قائم ٹرک اڈوں کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے جامع پلان تیار کرنے ،مزید یو ٹرنز کی نشاندہی کرنے کی ہدایت موجودہ ٹریفک سگنلز کو فعال بنانے اور ضرورت کے مطابق نئے سگنلز نصب کرنے کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب ،تاجر برادری سے مشاورت کا حکم

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سرگودھا نے شہر میں ابترٹریفک نظام بہتر بنانے کیلئے جامع پلان طلب کرتے ہوئے غیر قانونی پارکنگ، رکشہ اسٹینڈز اور ٹرک اڈوں کی منتقلی کیلئے قابلِ عمل سفارشات 3 روز میں پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دیں تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کو مشترکہ اور قابلِ عمل ٹریفک پلان فوری طور پر تیار کر کے پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ یہ ہدایات انہوں نے شہر میں ٹریفک امور کے حوالے سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں ٹریفک پولیس، سیکرٹری آر ٹی اے ، ہائی ویز، میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی،ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری آر ٹی اے کو شہر کے اندر قائم ٹرک اڈوں کو مرحلہ وار شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے شہر میں قائم غیر قانونی رکشہ اسٹینڈز کا نوٹس لیتے ہوئے ایک باقاعدہ فریم ورک کے تحت لانے کیلئے بھی قابلِ عمل سفارشات طلب کیں۔ انہوں نے ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے مزید یو ٹرنز کی نشاندہی، موجودہ ٹریفک سگنلز کو فعال بنانے اور ضرورت کے مطابق نئے سگنلز نصب کرنے کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی۔ ڈپٹی کمشنر نے اندرون شہر اور مرکزی بازاروں میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کیلئے مختلف آپشنز پر کام کرنے کی ہدایت کی، جن میں بازاروں کو ون وے یا مخصوص علاقوں کو رکشہ فری قرار دینے اور شہری سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع حکمت عملی تیار کرنا شامل ہے ۔ تاکہ شہر میں ٹریفک نظام کو منظم، رواں اور شہریوں کیلئے سہل بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں