شرحِ سود میں اضافے پر تاجر برادری تشویش میں مبتلا
شرحِ سود میں اضافے پر تاجر برادری تشویش میں مبتلاشرحِ سود کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ (ایک ہندسی عدد) پر لایا جائے تاجر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) شرحِ سود میں اضافے پر تاجر برادری تشویش میں مبتلا، فوری کمی کا مطالبہ، ملک میں شرحِ سود میں حالیہ اضافے کے بعد تاجر برادری میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ۔ سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خواجہ یاسر قیوم نے اپنے بیان میں حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شرحِ سود کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ (ایک ہندسی عدد) پر لایا جائے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو سہارا مل سکے ۔انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئی مانیٹری پالیسی کے اعلان نے تاجروں میں بے چینی اور غیر یقینی صورتحال پیدا کر دی ہے ، جس سے سرمایہ کاری اور کاروباری فیصلے متاثر ہو رہے ہیں۔
ان کے مطابق بلند شرحِ سود کے باعث قرضہ مہنگا ہو جاتا ہے ، جس سے صنعت و تجارت کی رفتار سست پڑنے کا خدشہ ہے ۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی نے شرحِ سود میں 100 بیسز پوائنٹس (ایک فیصد) اضافہ کرتے ہوئے اسے 10.50 فیصد سے بڑھا کر 11.50 فیصد کر دیا ہے ، جو آئندہ دو ماہ کے لیے نافذ العمل رہے گا۔تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں شرحِ سود میں اضافہ کاروباری لاگت بڑھانے کا سبب بنے گا، لہٰذا حکومت اور مرکزی بینک ایسی پالیسی اپنائیں جو صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کو یقینی بناسکے ۔