ضلعی ویجی لینس کمیٹیاں احکامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) لیبر قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ مقررہ اجرت کی ادائیگی یقینی بنانے کے حوالے سے قائم کی گئی۔
ضلعی ویجی لینس کمیٹیاں اپنے ہی جاری احکامات پر عملدرآمد کروانے میں ناکام اور ان کا قیام بے مقصد ہو کر رہ گیا جبکہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال نے سرگودھا سمیت ریجن بھر میں ملازم پیشہ ،متوسط اور دیہاڑی دار طبقہ کی کمر دوہری کر کے رکھ دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ضلع سطح پر ویجی لینس کمیٹیاں قائم ہیں مگر ان کی کارکردگی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ کمیٹیوں کی میٹنگز شیڈول کے مطابق انعقاد پذیر ہی نہیں ہوتیں اور ان میں زیربحث لائے گئے اعداد و شمار بھی مشکوک ہوتے ہیں ،ویجی لینس کمیٹیوں کی جانب سے حالیہ دو سالوں کے دوران جاری ہونیوالی متعدد سفارشات متعلقہ شعبوں کی الماریوں کی زینت بنی ہوئی ہیں جبکہ صنعتی یونٹس بالخصوص ورکشاپس ،ہوٹلوں ،دوکانوں پر کام کرنیوالے محنت کشوں اور دیگر نجی اداروں کے ملازمین کو مقرر اجرت کی ادائیگی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی بابت اقدامات نا کافی ہونے سے ان کے مسائل کم ہونے کی بجائے بڑھتے جا رہے ہیں، بالخصوص مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں نجی ملازم اور مزدور پس کر رہ گیا ہے ، سرمایہ دار کو قوانین کا پابند بنانے کے حوالے سے مناسب حکمت عملی اختیار نہ کئے جانے کے باعث شکایات بھی بڑھ رہی ہیں، مزدوروں و نجی ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ تو احتجاج بھی نہیں کر سکتے ، آواز اٹھانے پر فارغ کر دیا جاتا ہے ، جائیں تو جائیں کہاں؟ انہوں نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔