سول ایوارڈ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم مرحوم کا نام حکومت کو بھجوا دیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) کمشنر سرگودھا ڈویژن کی قائم کردہ سکروٹنی کمیٹی نے سول ایوارڈ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم مرحوم کا نام حکومت کو بھجوا دیا۔ کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز منعقد ہوا ۔
جس میں کمیٹی کے ارکان ڈائریکٹر انفارمیشن نعیم ملک ، پروفیسر ڈاکٹر شفیق آصف اور معروف ادیب و شاعر ممتاز عارف نے بھی شرکت کی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ مرحوم پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم محکمہ تعلیم میں 34 سالہ خدمات سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ دو سو سے زائد کتب کے مصنف بھی تھے جن میں سیرت النبی صلی اﷲ علیہ وآلہ وسلم کی تین قومی و صوبائی ایوارڈ یافتہ کتب بھی شامل ہیں۔ انہوں نے اقبالیات کے موضوع پر 39 کتب تحریر کیں۔ مزید برآں ڈاکٹرنے شہری دفاع میں بطور چیف وارڈن خدمات بھی سر انجام دیں۔