ترقیاتی کاموں میں سستی افسروں کو جیل ہوسکتی

ترقیاتی کاموں میں سستی افسروں کو جیل ہوسکتی

عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر بنانے کیلئے خصوصی انجینئرز تعینات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر بھیرہ ، بھلوال ، سلانوالی اور ساہیوال میں ٹائم لائنز اورمسائل پر بریفنگ ،گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے اہم مقامات پر چیک پوسٹس قائم کی جائیں، ہدایت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت لوکل گورنمنٹ کے جاری ترقیاتی منصوبوں میں سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اظہار برہمی کے ساتھ ساتھ یہ بھی واضح کیا ہے کہ مقررہ ٹائم لائن میں منصوبے مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں جیل کی سزا کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ ہدایات انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چار تحصیلوں بھیرہ ، بھلوال ، سلانوالی اور ساہیوال میں جاری پی ڈی پی منصوبوں کی پیش رفت، ٹائم لائنز اور درپیش مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیلوں میں منصوبوں کی ذاتی نگرانی یقینی بنائیں اور روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت کا جائزہ لیں۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو تنبیہ کی کہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا ناقص کارکردگی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی،اجلاس میں واسا حکام نے سرگودھا شہر میں جاری پی ڈی پی میگا منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کے لیے خصوصی انجینئرز تعینات کیے جائیں، جنہیں فیلڈ میں متحرک رکھا جائے اور انہیں ضروری سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ترقیاتی کاموں کا معیار اور رفتار برقرار رکھی جا سکے ۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے جاری گندم خریداری مہم اور اس کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ ہدف ہر صورت اور وقت سے پہلے مکمل کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کے لیے اہم مقامات پر چیک پوسٹس قائم کی جائیں۔مزید برآں ڈپٹی کمشنر نے اسٹریٹ لائٹس، زیبرا کراسنگز، مین ہولز کے ڈھکنوں اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں