250 کلوواٹ کا سولر سسٹم سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا

 250 کلوواٹ کا سولر سسٹم سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا

جیسے ہی بورڈ کی مکمل بجلی سولر سسٹم پر منتقل کی گئی تو پورا نظام بیٹھ گیامیٹرک اور ایف اے امتحانات کے انتظامی امور میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا میں تقریباً اڑھائی کروڑ روپے کی لاگت سے نصب کیا گیا 250 کلوواٹ کا سولر سسٹم سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن کر رہ گیا ہے ، ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل کمشنر سرگودھا کی جانب سے اس منصوبے کا افتتاح کیا گیا تھا، تاہم جیسے ہی بورڈ کی مکمل بجلی سولر سسٹم پر منتقل کی گئی تو پورا نظام بیٹھ گیا،سولر سسٹم کی خرابی کے باعث بورڈ دفاتر کے اے سی بند ہو گئے جبکہ سرورز بھی کام کرنا چھوڑ گئے ، جس سے بورڈ کا کمپیوٹرائزڈ نظام متاثر ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صورتحال کے باعث میٹرک اور ایف اے امتحانات کے انتظامی امور میں تاخیر کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ،اور اس حوالے سے معاملات سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے ہیں سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ اتنی بڑی لاگت سے نصب ہونے والا سولر سسٹم مکمل لوڈ کیوں نہ اٹھا سکا؟ آیا یہ تکنیکی نااہلی ہے ، ناقص منصوبہ بندی یا پھر ممکنہ مالی بے ضابطگی؟تعلیمی و سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی شفاف انکوائری کر کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں