گورنمنٹ ہائی سکول کی بوسیدہ عمارت طلبہ کی جانوں کیلئے خطرہ
گورنمنٹ ہائی سکول کی بوسیدہ عمارت طلبہ کی جانوں کیلئے خطرہ سکول کی متعدد دیواروں، برآمدوں اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں دراڑیں پڑ چکی ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) تحصیل شاہپور کے علاقے بیرل شریف میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول کی خستہ حال اور بوسیدہ عمارت طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے کی جانوں کیلئے خطرہ بن گئی ، سکول کی متعدد دیواروں، برآمدوں اور بنیادی ڈھانچے میں نمایاں دراڑیں پڑ چکی ہیں جبکہ بعض مقامات سے پلستر اور تعمیراتی ملبہ گرنے کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں، جس کے باعث کسی بھی وقت ناخوشگوار حادثے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ،ویجی لینس ادارے کی رپورٹ کے مطابق سکول کی عمارت عرصہ دراز سے مناسب دیکھ بھال اور مرمت سے محروم ہے ۔ بارشوں اور موسمی اثرات کے باعث عمارت مزید کمزور ہو چکی ہے اور اس کے مختلف حصوں میں خطرناک نوعیت کی خرابیاں پیدا ہو گئی ہیں۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ موجودہ صورتحال میں عمارت کے کسی حصے کے گرنے کی صورت میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کو بھی بھاری نقصان پہنچ سکتا ہے ،سکول میں روزانہ سینکڑوں طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں جبکہ اساتذہ اور دیگر عملہ بھی اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتا ہے ۔ والدین اور مقامی شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا سانحہ پیش آ سکتا ہے ۔