ضلع بھر میں ’’کوڈ ریڈ‘‘ نافذ کرنے کے احکامات جاری
حساس ایام میں انسانی و تکنیکی وسائل کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے گا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سرگودھا مظہر شاہ نے آج سے 10 محرم الحرام 2026 کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور فوری امدادی کارروائیوں کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں ’’کوڈ ریڈ‘‘ نافذ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ جاری کردہ احکامات کے مطابق محرم الحرام کے حساس ایام میں تمام دستیاب انسانی و تکنیکی وسائل کو مکمل طور پر متحرک رکھا جائے گا تاکہ جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں بروقت اور موثر ردعمل دیا جا سکے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے تمام ریسکیو افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی متعلقہ ریسکیو اسٹیشنز اور ڈیوٹی پوائنٹس پر رپورٹ کریں اور آئندہ احکامات تک ہائی الرٹ رہیں۔ اہلکاروں کو ضروری ذاتی سامان، حفاظتی آلات اور دیگر ضروری اشیاء اپنے ہمراہ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری امدادی خدمات فراہم کی جا سکیں۔ مظہر شاہ نے بتایا کہ ریسکیو 1122 سرگودھا نے محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور عزاداروں کو بروقت امدادی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مختلف مقامات پر ریسکیو اہلکار، ایمبولینسز اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں تعینات کی جائیں گی۔