محکمہ انہار کی مبینہ غفلت سے سیم نالوں میں متعدد مقامات پر شگاف
محکمہ انہار کی مبینہ غفلت سے سیم نالوں میں متعدد مقامات پر شگاف سیم نالوں کی صفائی نہ ہونے کے باعث پانی جگہ جگہ نالوں سے باہر نکل آیا
بھیرہ (نامہ نگار )مون سون کی مسلسل بارشوں اور محکمہ انہار کی مبینہ غفلت و لاپرواہی کے باعث سیم نالوں میں متعدد مقامات پر شگاف پڑ گئے ، جس کے نتیجے میں درجنوں دیہات کی سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب آ گئی ٹبی والا، ویرووال،حضور پور، چک قاضی، چک مصراں، شیخ دا لوک، طرطی پور، حافظ آباد، دھیلا، کلیان پور اور دیگر دیہات سے گزرنے والے سیم نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث پانی جگہ جگہ نالوں سے باہر نکل آیا۔ اس سے سینکڑوں ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ متعدد دیہات میں بارشی پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ تحصیل بار بھیرہ کے رکن چوہدری طیب حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ڈرین اور نالوں کی صفائی کے لئے جاری لاکھوں روپیہ کے مبینہ خرد برد کی تحقیقات کی جائے دوسری جانب پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت بارشی پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر کی جانے والی ڈرین کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے ، جس کے باعث سرکلر روڈ بھیرہ بھی جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments