انٹرمیڈیٹ نتائج کے اعلان پر پروقار تقریب کا انعقاد
ڈپٹی کمشنر نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر سالانہ امتحان 2026 کا نتیجہ آن لائن جاری کیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحان 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ نتائج کا اعلان ایک پروقار تقریب میں کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چودھری نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کا نتیجہ آن لائن جاری کیا۔ انہوں نے کامیاب طلبہ و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی کامیابی ان کی محنت، والدین کی حوصلہ افزائی اور اساتذہ کی رہنمائی کا ثمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہے ، طلبہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اعلیٰ تعلیم اور عملی میدان میں ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔ نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 55 ہزار 34 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 38 ہزار 76 امیدوار کامیاب جبکہ 16 ہزار 958 امیدوار ناکام ہوئے۔
مجموعی کامیابی کا تناسب 69.19 فیصد رہا۔ضلع سرگودھا میں 27 ہزار 363 امیدواروں نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے 19 ہزار 741 کامیاب جبکہ 7 ہزار 622 امیدوار ناکام ہوئے اور کامیابی کا تناسب 72.14 فیصد رہا۔ ضلع بھکر میں 9 ہزار 531 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 6 ہزار 188 کامیاب اور 3 ہزار 343 ناکام ہوئے ، کامیابی کا تناسب 64.92 فیصد رہا۔ضلع خوشاب میں 8 ہزار 685 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی، جن میں سے 5 ہزار 936 کامیاب اور 2 ہزار 749 ناکام ہوئے ، جبکہ کامیابی کا تناسب 68.35 فیصد رہا۔ ضلع میانوالی میں 9 ہزار 455 امیدواروں نے امتحان دیا، جن میں سے 6 ہزار 211 کامیاب اور 3 ہزار 244 ناکام ہوئے ، کامیابی کا تناسب 65.69 فیصد رہا۔نتائج کے مطابق سرکاری اداروں کے 19 ہزار 258 امیدواروں میں سے 13 ہزار 377 کامیاب، غیر سرکاری اداروں کے 25 ہزار 106 امیدواروں میں سے 19 ہزار 810 کامیاب جبکہ پرائیویٹ امیدواروں میں سے 4 ہزار 889 امیدوار کامیاب قرار پائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments