پابندی کے باوجود ویگنوں میں گیس سلنڈرز کا استعمال شہریوں کیلئے مسلسل خطرہ

پابندی کے باوجود ویگنوں میں گیس سلنڈرز کا استعمال شہریوں کیلئے مسلسل خطرہ

، بیشتر ویگنوں میں مبینہ طور پر عام معیار کے سلنڈر سیٹوں کے نیچے نصب ، بس اسٹینڈ کے اطراف خفیہ مقامات پر گیس ری فلنگ کا سلسلہ بھی جاری ، شہری پریشان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں مسافر ہائی ایس ویگنوں میں پابندی کے باوجود گیس سلنڈرز کا استعمال شہریوں کی جانوں کے لیے مسلسل خطرہ بنتا جا رہا ہے ، بیشتر ویگنوں میں مبینہ طور پر عام معیار کے سلنڈر سیٹوں کے نیچے چھپا کر نصب کیے گئے ہیں جبکہ جنرل بس اسٹینڈ کے اطراف خفیہ مقامات پر گیس ری فلنگ کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا انکشاف ہوا ہے، انٹیلی جنس ٹیم کی جانب سے ڈویژنل اور ضلعی حکام کو بھجوائی گئی رپورٹ میں بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مختلف ٹرانسپورٹ گروپس کے کوائف اور ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت کی نشاندہی کی گئی تھی، مگر عملی طور پر صورتحال میں خاطر خواہ تبدیلی نہیں آسکی۔

ذرائع کے مطابق خلاف ورزی پر مقدمات درج ہونے کے باوجود ملزمان ضمانت کے بعد دوبارہ انہی گاڑیوں میں گیس سلنڈر استعمال کرنا شروع کردیتے ہیں، جس سے مسافر ہر سفر میں ایک ممکنہ خطرے کے ساتھ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہیں، یہ خدشہ اس لیے بھی سنگین ہے کہ ماضی میں سرگودھا کے قریب بھلوال میں ہائی ایس کے گیس سلنڈر میں دھماکے کے بعد سات مسافر جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے تھے ، واقعے کے بعد سرکاری طور پر پبلک ٹرانسپورٹ میں گیس سلنڈرز پر پابندی کی خلاف ورزی کی نشاندہی بھی کی گئی تھی،پبلک ٹرانسپورٹ میں غیرمحفوظ گیس سلنڈرز کا خطرہ صرف سرگودھا تک محدود نہیں،اور پنجاب میں بھی پبلک سروس گاڑیوں میں غیرقانونی LPG سسٹم اور غیرمعیاری سلنڈرز کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری ہوچکی ہیں، جبکہ قواعد کے تحت مسافر گاڑیوں میں غیرمجاز ایندھن ٹینکوں کے استعمال پر پابندی کا حوالہ دیا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...