میگا پراجیکٹس پر کام کی سست روی پر اعلی حکام برہم

میگا پراجیکٹس پر کام کی سست روی پر اعلی حکام  برہم

افسران اور عملے کی سرزنش ،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میںتاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے زیرِ تعمیر مقامات پر کام کی رفتار فوری طور پر بڑھائی جائے ، شہریوں کی آمدورفت میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں ،ڈپٹی کمشنر ،افسروں سے بریفنگ بھی لی گئی

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے شہر میں واسا کے زیرِ تکمیل میگا پراجیکٹس پر کام کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر موجود افسران اور متعلقہ عملے کی سرزنش کردی، ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور کام کی رفتار تیز کرنے کے ساتھ تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے پیر کے روز شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کرکے واسا کے جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا، خوشاب روڈ اور سول ہسپتال چوک پر گہری کھدائی اور سڑکوں پر بننے والے گڑھوں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے سے استفسار کیا کہ معمولی نوعیت کے کام کی تکمیل میں اتنی تاخیر کیوں ہورہی ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زیرِ تعمیر مقامات پر کام کی رفتار فوری طور پر بڑھائی جائے ، شہریوں کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور ایسے انتظامات کیے جائیں کہ تعمیراتی کام کے دوران عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے ۔ ڈپٹی کمشنر نے شہر کے دیگر مقامات پر واسا کے ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ حاصل کی، جبکہ تمام منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی، مقررہ مدت میں تکمیل اور تعمیراتی کام میں معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...