ای او بی آئی کی مدمیں کی گئی کٹوتی کے ساڑھے 14 کروڑں کی رقم ہڑپ کئے جانے کا انکشاف
ای او بی آئی نے سُتھرا پنجاب ایجنسی کے ساتھ کام کرنے والے 7 ٹھیکیداروں کو نادہندہ قرار دے دیا،بل روک کر واجبات کلیر کروانے کیلئے ضابطے کی کاروائی کا آغاز کر دیا
سرگودھا(نعیم فیصل سے ) ستھرا پنجاب پروگرام کے ٹھیکیدار وں کی جانب سے ضلع کی تحصیلوں میں کام کرنیوالے تین ہزار ملازمین کی ادائیگیوں میں سے ای او بی آئی کی مد میں کی گئی کٹوتی کے ساڑھے 14کروڑ روپے سے زائد کی رقم ہڑپ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، جس پر ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) نے سُتھرا پنجاب ایجنسی (ایس پی اے ) کے ساتھ کام کرنے والے سات ٹھیکیداروں کو نادہندہ قرار دیتے ہوئے ان کے ذمے مجموعی طور پر 14 کروڑ 45 لاکھ 81 ہزار 200 روپے کے واجبات کی نشاندہی کر کے انکے قابل ادائیگی بل روک کر ادارہ کے واجبات کلیر کروانے کیلئے ضابطے کی کاروائی کا آغاز کر دیا،اس حوالے سے ادارے نے ڈپٹی کمشنر؍چیئرپرسن ایس پی اے سرگودھا کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے دستاویز کے مطابق مجموعی واجبات میں اصل رقم 12 کروڑ 58 لاکھ 33 ہزار 600 روپے ، جبکہ قانونی اضافہ (سٹیچوٹری انکریز) ایک کروڑ 87 لاکھ 47 ہزار 600 روپے ہے ۔
ان سات اداروں میں مجموعی طور پر 3,960 مزدور شامل ہیں جن کی کنٹری بیوشن مہینوں سے جمع نہیں کرائی گئی جن میں ٹی ایم ٹی گروپ سب سے بڑا نادہندہ ہے جس کے ذمے اکتوبر 2025 سے اگست 2026 تک 1700 مزدوروں کی مد میں 5 کروڑ 47 لاکھ 53 ہزار 600 روپے واجب الادا ہیں، اسی طرح کیڈز مارکیٹنگ نیٹ ورک ساہیوال4 کروڑ 22 لاکھ 34 ہزار 928 روپے ،محمد شاہد نذیر اینڈ کو، کوٹ مومن ایک کروڑ 43 لاکھ 48 ہزار 880 روپے ،شیخ اقبال اختر اینڈ کو، بھیرہ ایک کروڑ 27 لاکھ 76 ہزار 400 روپے ،اے ڈبلیو کے اینڈ کو، بھلوال ایک کروڑ 4 لاکھ 67 ہزار 600 روپے ،چوہدری محمد شریف اینڈ کو، سلانوالی74 لاکھ 40 ہزار 48 روپے ،اورکیڈز مارکیٹنگ نیٹ ورک شاہ پورکے ذمہ 25 لاکھ 59 ہزار 744 روپے واجب الادا ہیں۔ ڈپٹی کمشنر آفس سے رقم جمع کرانے کا ثبوت بھی ریکارڈ اور ٹھیکیداروں کے کھاتے اپ ڈیٹ کرنے کے لیے طلب کیا گیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments