دریاخان میں طالبات کے تحصیل سطح کے کھیلوں کے مقابلے
شرکا نے بھرپور داد دی ،نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات تقسیم
بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر )دریاخان میں پرائمری اور ایلیمنٹری سکولوں کی طالبات کے درمیان تحصیل سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ نگہت جمیل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی ڈی ای او دریاخان فریدہ بی بی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔تقریب میں مختلف سکولوں کی طالبات نے شاندار پی ٹی شو اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے ، جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔ طالبات کے جوش و جذبے ، نظم و ضبط اور بہترین کارکردگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔ کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والی طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نگہت جمیل نے کہا کہ کھیل صحت مند معاشرے کی ضمانت ہیں، جبکہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیاں بھی طالبات کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی جانب سے صوبہ بھر میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جس سے بچیوں میں خود اعتمادی، ٹیم ورک اور صحت مند مسابقت کا جذبہ فروغ پا رہا ہے ۔ڈی ای او نگہت جمیل کا مزید کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی طالبات کو آگے لانے کے لیے پرعزم ہے۔ ایسے مقابلوں کے ذریعے دیہی علاقوں کی باصلاحیت طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہترین مواقع میسر آ رہے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments