میگا سیوریج منصوبہ سست روی کا شکار، 66 فیصد کام تاحال باقی، شہری مشکلات سے دو چار
منصوبے کے تحت کھودی گئی سڑکوں، متاثرہ راستوں، گردوغبار اور آمدورفت میں رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو مشکلات ، کام کی تکمیل، اگلے مرحلے کے آغاز اور سڑکوں کی بحالی کا واضح شیڈول سامنے لایا جائے :شہری
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا میں میگا سیوریج منصوبے کی سست رفتار کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ منصوبے پر مجموعی طور پر صرف 34 فیصد کام مکمل ہو سکا ہے ، جبکہ 66 فیصد کام تاحال باقی ہے۔ دوسری جانب دسمبر 2026 تک منصوبے کی تکمیل کے اہداف مقرر کیے جا رہے ہیں اور تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور مانیٹرنگ بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی جا رہی ہیں، تاہم مقررہ مدت میں منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے عملی حکمت عملی تاحال سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے ۔ شہر کے مختلف علاقوں میں میگا سیوریج منصوبے کے تحت کھودی گئی سڑکوں، متاثرہ راستوں، گردوغبار اور آمدورفت میں رکاوٹوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے تعمیراتی کام کی دن رات نگرانی، حفاظتی بیریئرز کی تنصیب، معلوماتی بورڈز کی فراہمی اور متاثرہ سڑکوں کی بحالی سے متعلق ہدایات اپنی جگہ اہم ہیں، تاہم اصل ضرورت ان احکامات پر مؤثر عملدرآمد اور متعلقہ اداروں سے عملی نتائج حاصل کرنے کی ہے ۔شہریوں نے متعلقہ ادارے کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے مطالبہ کیا ہے محض منصوبے کی مجموعی پیش رفت کے اعدادوشمار جاری کرنے کے بجائے کام کی تکمیل، اگلے مرحلے کے آغاز اور سڑکوں کی بحالی کا واضح شیڈول سامنے لایا جائے ۔ عوام کو بتایا جائے کون سی سڑک کب تک آمدورفت کے لیے کھولی جائے گی اور کہاں سیوریج کا کام مکمل ہونے کے بعد سڑکوں کی بحالی شروع ہوگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments