صادق آباد :نا معلوم افراد کی گھر میں گھس کر فائرنگ،شوہر،بیوی ،ساس قتل
جاں بحق ہونیوالوں میں 35سالہ شعبان، 30سالہ فرزانہ اور 65سالہ خورشید بی بی شامل ، 2 سالہ بچی محفوظ رہی پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرلی ، 2مشتبہ افراد زیر حراست، آئی جی کا نوٹس ،آر پی او ، ڈی پی او سے رپورٹ طلب
رحیم یار خان،صادق آباد (نمائندہ خصوصی ، نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)نامعلوم ملزموں نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے شوہر’ بیوی اور ساس جاں بحق’ دوسالہ بچی معجزانہ طور پر محفوظ رہی ’آئی جی پنجاب نے نوٹس لے لیا ۔ گزشتہ روز صادق آباد میں احمد پور لمہ روڈ پر احمد گارڈن میں نامعلوم ملزموں نے گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 35محمدشعبان اس کی 30سالہ بیوی فرزانہ بی بی اور60سالہ ساس خورشیدبی بی جاں بحق ہو گئی ۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں۔ پولیس نے فرانزنک کے ذریعے قتل کی واردات سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردئیے ، علاقہ بھر میں ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن بھی شروع کردیاگیا اوردو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا دونوں سے تفتیش جاری ہے ،۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واردات بظاہر ٹارگٹڈ محسوس ہوتی ہے ۔دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور اور ڈی پی او عرفان علی سموں سے رپورٹ طلب کرلی اور فائرنگ میں ملوث ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ملزموں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔